آئی جی سندھ کی زیرصدارت سی ٹی ڈی میں ڈیجیٹلائزیشن اور جدید آلات سے متعلق اہم اجلاس

کراچی(بولونیوز)آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں شعبہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) میں جاری ڈیجیٹلائزیشن اور جدید آلات کی ضرورت و حصول سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ڈی آئی جیز ہیڈکوارٹرز، کرائم اینڈ انویسٹیگیشن، آئی ٹی، فنانس سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور ایس ایس پیز نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران متعلقہ حکام نے سی ٹی ڈی کے مختلف امور کو ڈیجیٹلائز کرنے، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور نئے آلات کی ضرورت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حساس معلومات پر مشتمل “ریڈ بک” کو جدید اے آئی فیچرز کے ساتھ ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ڈیجیٹل ریڈ بک کو سندھ پولیس کی دیگر آن لائن سرویلنس ایپلیکیشنز کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے جبکہ ہائی پروفائل مجرمان اور مطلوب ملزمان کے اندراج و اخراج کے لیے مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں پر مشتمل بورڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے جدید آلات کی افادیت اور ان کے مؤثر استعمال سے متعلق بھی اجلاس کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ موجودہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کو جدید آلات سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ جدید آلات کے حصول سے متعلق جامع تجاویز جلد سندھ حکومت کو منظوری کے لیے پیش کی جائیں۔

آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ آن لائن ایپلیکیشنز اور ڈیجیٹل سسٹمز کے مؤثر استعمال کے لیے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس افسران کی تربیت کے لیے آئی ٹی برانچ کے تعاون سے باقاعدہ سیشنز کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے جدید وسائل کی بروقت فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات ترجیحی بنیادوں پر کیے جائیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *