اسٹیل ملز ریٹائرڈ ملازمین کو بجلی کنکشن نہ دینے پر کے الیکٹرک اور اسٹیل ملز پر برہمی

کراچی(بولونیوز)سندھ ہائی کورٹ نے پاکستان اسٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کو براہ راست بجلی کنکشن فراہم نہ کرنے پر کے الیکٹرک اور پاکستان اسٹیل ملز کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

جسٹس عدنان الکریم میمن اور جسٹس ذوالفقار علی سانگی پر مشتمل بینچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے دونوں اداروں کے سربراہان کو 30 دن کے اندر عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی۔

سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ 14 مارچ 2025 کے عدالتی حکم کے باوجود متاثرہ ریٹائرڈ ملازمین کو بجلی کنکشن فراہم نہیں کیے گئے۔

دوسری جانب کے الیکٹرک کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تاخیر کی ذمہ داری پاکستان اسٹیل ملز پر عائد ہوتی ہے کیونکہ ان کا نظام تکنیکی اور حفاظتی تقاضوں کے مطابق نہیں۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ تکنیکی اور انتظامی مسائل کو جواز بنا کر عدالتی احکامات پر غیر معینہ مدت تک عملدرآمد مؤخر نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے خبردار کیا کہ اگر حکم پر عملدرآمد نہ کیا گیا تو دونوں اداروں کے سربراہان کے خلاف آئین کے آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *