اپریل 2025 تا مارچ 2026 بجلی چوری کے خلاف تاریخی کارروائیاں

لاہور(بولونیوز) لیسکو نے نادرن سرکل میں بجلی چوری کے خلاف یکم اپریل 2025 سے 30 مارچ 2026 تک ایک تاریخی کریک ڈاؤن مہم چلائی، جس میں لاکھوں کنکشنز کی جانچ پڑتال اور ہزاروں بجلی چوروں کو پکڑنے کا عمل شامل تھا۔

چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کے مطابق اس مہم کے دوران سپرنٹنڈنگ انجینئر نادرن سرکل محمد مزمل کی نگرانی میں ٹیموں نے مربوط حکمت عملی کے تحت کارروائیاں کیں، جن کے نتیجے میں 1 لاکھ 46 ہزار سے زائد کنکشنز چیک کیے گئے۔ ان میں 18 ہزار سے زائد کنکشنز میں مختلف نوعیت کی بے ضابطگیاں سامنے آئیں، جن میں 11 ہزار ڈائریکٹ سپلائی، 2 ہزار میٹر ٹیمپرڈ، 821 بوگس یا شنٹڈ میٹرز اور 4 ہزار دیگر خلاف ورزیاں شامل ہیں۔

ان تمام کیسز میں مجموعی طور پر 4 کروڑ 24 ہزار سے زائد یونٹس کے ڈیٹیکٹشن بل عائد کیے گئے، جو لیسکو کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہیں۔ فیروزوالہ ڈویژن میں سب سے زیادہ کارروائی ہوئی، جہاں 41 ہزار سے زائد کنکشنز کی جانچ کی گئی اور 3 ہزار 800 سے زائد میں بے ضابطگیاں دریافت ہوئیں۔ ان میں 3 ہزار 600 ڈائریکٹ سپلائی، 91 میٹر ٹیمپرڈ، 40 بوگس یا شنٹڈ میٹرز اور 138 دیگر کیسز شامل تھے، جن پر 1 کروڑ 8 لاکھ سے زائد یونٹس کے ڈیٹیکٹشن بل عائد کیے گئے۔

چیف ایگزیکٹو محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی اور اس مہم کے مکمل نفاذ سے نہ صرف ادارے کی کارکردگی بہتر ہوگی بلکہ صارفین کو بھی ریلیف ملے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *