ایران کے جوابی حملوں کے بعد اسرائیل میں ہائی الرٹ، شہریوں نے شیلٹرز میں پناہ لے لی

تل ابیب(بولونیوز)ایران کی جانب سے اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ ہزاروں اسرائیلی شہریوں نے جان بچانے کے لیے زیرِ زمین شیلٹرز اور محفوظ پناہ گاہوں کا رخ کر لیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت تل ابیب، یروشلم اور دیگر بڑے شہروں میں سائرن بج اٹھے، جس کے بعد شہریوں کو فوری طور پر گھروں اور عوامی مقامات کے قریب قائم شیلٹرز میں منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اسرائیلی حکام نے تصدیق کی ہے کہ فضائی دفاعی نظام متحرک کر دیا گیا ہے اور متعدد میزائلوں اور ڈرونز کو فضا ہی میں روک لیا گیا۔

اسرائیلی ہوم فرنٹ کمانڈ کے مطابق عوام کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز اور سکیورٹی ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔ تعلیمی ادارے عارضی طور پر بند جبکہ کئی شہروں میں عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب ایران نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کے جواب میں یہ کارروائیاں دفاعی نوعیت کی ہیں اور بین الاقوامی قوانین کے تحت اپنے دفاع کا حق استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق کارروائیوں کا ہدف عسکری تنصیبات ہیں۔

تاحال اسرائیلی حکام نے جانی نقصان کے حوالے سے حتمی اعداد و شمار جاری نہیں کیے، تاہم صورتحال بدستور کشیدہ ہے اور عالمی برادری خطے میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سلامتی کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *