سینئر صحافی شہاب سلمان کی ضمانت منظور، ایف آئی آر میں تضادات سامنے آئے

کراچی(بولونیوز)اے ڈی جے تھری ایسٹ کی عدالت نے سینئر صحافی شہاب سلمان کی ضمانت منظور کر دی۔ عدالت نے دونوں ایف آئی آرز میں 50 اور 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے پر ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔

مدعی زاہد ظفر کی جانب سے تھانہ ماڈل کالونی میں درج FIR نمبر 48 میں شہاب سلمان اور ان کے ساتھی امیر الدین پر حملے کا الزام لگایا گیا تھا۔ تاہم عدالت میں یہ ثابت نہیں ہو سکا کہ شہاب سلمان نے قانون کے خلاف کوئی کارروائی کی۔

مدعا علیہ کے وکیل لیاقت علی گبول ایڈووکیٹ اور امجد علی ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ مدعی کی ایف آئی آر اور MLO رپورٹ میں تضاد پایا گیا ہے، جہاں ایف آئی آر میں گولی لگنے کا ذکر ہے مگر رپورٹ میں گولی کا کوئی نشان موجود نہیں۔

عدالت نے شہاب سلمان کے ساتھ امیر الدین کی عبوری ضمانت کو بھی کنفرم کر دیا۔

واضح رہے کہ واقعے کے دوران مدعی سمیت دیگر افراد نے شہاب سلمان کو اغواء کرنے کی کوشش کی اور فائرنگ کی، جس کے جواب میں شہاب سلمان نے فائرنگ کی اور خود تھانے میں پیش ہوئے تھے۔

جمعہ کو اے ڈی جے تھری ایسٹ میں کراچی یونین آف جرنلسٹس کے جنرل سیکرٹری لیاقت کشمیری، RTI ایکٹیویسٹ عظمت خان سمیت دیگر صحافی بھی شہاب سلمان کی ضمانت کی حمایت میں موجود تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *