ٹریفک پولیس کے ای چالان نظام کی خامیاں شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث
کراچی(بولونیوز) ٹریفک پولیس کے ای چالان سسٹم میں موجود خامیاں شہریوں کو بھگتنا پڑ رہی ہیں۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق گزشتہ برس اکتوبر میں شہر میں ای چالان نظام نافذ کیا گیا تھا، لیکن تین ماہ سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود نظام کی خرابیاں دور نہیں کی گئیں اور شہریوں کو غلط چالان بھیجے جا رہے ہیں۔
شہریوں کی شکایات میں بتایا گیا کہ سیٹ بیلٹ پہننے کے باوجود انہیں سیٹ بیلٹ نہ پہننے کے چالان بھیجے گئے، جبکہ ٹریفک پولیس کی جانب سے بھیجے گئے چالان میں موجود تصویر میں شہری واضح طور پر سیٹ بیلٹ پہنے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اسی طرح کئی شہریوں کی گاڑیوں کی نمبر پلیٹس دوسرے لوگ اپنی گاڑیوں پر لگا کر استعمال کر رہے ہیں، جس کے چالان اصل مالکان کے پتے پر موصول ہو رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ جدید کیمرے لگانے کے دعوؤں کے باوجود یہ نظام مؤثر ثابت نہیں ہوا اور شہری غیر قانونی چالان کی نذر ہو رہے ہیں۔ گزشتہ دنوں بھی ایک شہری کو 50 ہزار روپے مالیت کا غلط چالان موصول ہوا تھا، جو شدید پریشانی کا باعث بنا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹریفک پولیس کو نظام کی خامیوں کو فوری طور پر درست کرنا چاہیے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مالی اور قانونی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


