بھارتی جارحیت کشمیریوں کے حوصلے نہیں توڑ سکی،کشمیرآزادی کی صبح دیکھے گا،فیلڈ مارشل
مظفرآباد(بولونیوز)سربراہ پاک فوج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیر جلد آزادی کی نئی صبح دیکھے گا، جو اہلِ کشمیر کی اجتماعی خواہش اور ان کا مقدر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاستی جارحیت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کشمیری عوام کے حوصلے پست کرنے میں ناکام رہی ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مظفرآباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے جموں و کشمیر یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ اس موقع پر انہوں نے کشمیر تحریک کے شہدا کی بہادری اور بے لوث قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ممتاز شخصیات اور سابق فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل نے کہا کہ ہندوتوا پر مبنی پالیسیوں کے باوجود کشمیری عوام کی جدوجہد مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا اور عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتا رہے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مسئلہ کشمیر کے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف ڈیفنس فورسز نے اگلی صفوں کا بھی دورہ کیا، وہاں تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔
انہوں نے آپریشنل تیاریوں اور ہر سطح پر ہم آہنگی برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مشکل آپریشنل حالات کے باوجود افواجِ پاکستان کا حوصلہ قابلِ تحسین ہے۔ فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ کسی بھی دشمنانہ قدم کا فوری، مؤثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا اور پاکستان کی مسلح افواج روایتی اور ہائبرڈ دونوں طرح کے خطرات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔


