سانحہ گل پلازہ کے بعد سول ڈیفنس سندھ کی حقیقت بے نقاب، دفتر میں عملہ کم، آوارہ کتوں کی تعداد زیادہ

کراچی(بولونیوز)سانحہ گل پلازہ کے بعد سول ڈیفنس سندھ کے دفتر کی ناقص کارکردگی اور انتظامی حالت بے نقاب ہو گئی ہے۔ نجی ٹی وی کی تحقیقات کے مطابق صوبائی سول ڈیفنس کا مرکزی دفتر انتہائی خستہ حالت میں ہے اور عملے کی شدید کمی کے باعث دفتر کا انتظام متاثر ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دفتر میں عملے کی تعداد بہت کم ہے جبکہ آوارہ کتوں کی تعداد عملے سے زیادہ ہے۔ دفتر کے اندر جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر موجود ہیں اور مرکزی بورڈ میں شارٹ سرکٹ کے آثار دیکھے گئے ہیں۔ دفتر کے باہر کچرا کنڈی پڑی ہوئی ہے اور جگہ جگہ صفائی کا فقدان ہے، جس سے دفتر بھوت بنگلے جیسا منظر پیش کر رہا ہے۔

سانحہ گل پلازہ کے فوری بعد سول ڈیفنس کے دو افسران کو معطل کیا گیا تھا، لیکن دفتر کی بدحالی نے اس ادارے کی مجموعی ناقص کارکردگی کی عکاسی کی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سول ڈیفنس سندھ کی خستہ حالی اور ناقص انتظامات شہریوں کی حفاظت کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور فوری اصلاحات کی ضرورت ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *