نارتھ ایسٹ پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن، پانی کی فراہمی متاثر
کراچی(بولونیوز)کے الیکٹرک کی جانب سے نارتھ ایسٹ کراچی کے پمپنگ اسٹیشن میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن پیش آیا ہے، جس کے باعث شہر کے متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہو گئی ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق، پمپنگ اسٹیشن کے اولڈ پمپ ہاؤس کی بجلی 21 دسمبر بروز اتوار صبح 5 بجے اچانک بند ہو گئی۔ بجلی بند ہونے کے بعد 22 گھنٹے گزر جانے کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے فالٹ تاحال دور نہیں کیا جا سکا۔
بجلی کے اس طویل بریک ڈاؤن کے نتیجے میں اسکیم 33 کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہوئی اور شہر کو اب تک تقریباً 15 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان نے شہریوں سے کہا ہے کہ پانی کی کمی کے حوالے سے وہ صبر و تحمل سے کام لیں اور کے الیکٹرک سے فالٹ کے فوری حل کی توقع کی جا رہی ہے۔


