پاکستان کی سفارتی کامیابی، فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا اہم پیش رفت ہے، شیری رحمان

اسلام آباد(بولونیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سینیٹر Sherry Rehman نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے نازک جنگ بندی کے ذریعے فریقین کو مذاکرات کی میز پر بٹھانا ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے۔
عرب چینل کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات خطے میں امن کی جانب ایک اہم پیش رفت ہیں اور بات چیت ہی تنازعات کے حل کا واحد قابلِ عمل راستہ ہے۔
شیری رحمان کے مطابق جنگ بندی نے فریقین کو موقع فراہم کیا کہ وہ اپنے مؤقف کا ازسرنو جائزہ لے کر آئندہ مذاکرات کے لیے حکمتِ عملی تیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ مذاکراتی عمل وقت طلب ہوتا ہے اور اس کا فوری اور مکمل حل ایک ہی مرحلے میں ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اعلیٰ قیادت بشمول فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور آصف علی زرداری نے پس پردہ بھرپور سفارتی کوششیں کیں، جس کے نتیجے میں یہ پیش رفت ممکن ہوئی۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ فریقین کا ایک دوسرے کو سننا اور سمجھنا کسی بھی کامیاب مذاکرات کی بنیاد ہے، جبکہ ماضی کے تنازعات اور بیانیوں کی وجہ سے فوری حل کی توقعات حقیقت پسندانہ نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ایک غیر جانبدار پلیٹ فارم فراہم کر کے عالمی سطح پر اپنا سفارتی کردار مضبوط کیا ہے، اور اسلام آباد کا مذاکرات کے لیے منتخب ہونا ایک اہم اعزاز ہے۔
شیری رحمان نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلسل بات چیت اور لچکدار حکمت عملی کے ذریعے امن کے عمل کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *