پنجاب کے مختلف شہروں میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، خودکش بمبار سمیت 16 دہشت گرد گرفتار

لاہور(بولونیوز)کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب کے مختلف شہروں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران خودکش بمبار سمیت 16 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق صوبے بھر میں مجموعی طور پر 113 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (IBOs) کیے گئے، جن میں خوشاب، میانوالی، راولپنڈی، جھنگ، بھکر، لاہور، فیصل آباد، چکوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، حافظ آباد اور گوجرانوالہ سمیت مختلف اضلاع میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
کارروائی کے دوران جھنگ سے Jhang District میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مبینہ خودکش بمبار غازی مرجان کو خودکش جیکٹ اور دھماکہ خیز مواد سمیت گرفتار کیا گیا۔ اسی طرح سرگودھا سے حساس اداروں پر حملوں میں ملوث ملزم ملے خان کو بھی حراست میں لیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گرد پولیس چوکیوں اور دیگر حساس مقامات پر حملوں کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے ان کے عزائم ناکام بنا دیے گئے۔
کارروائیوں کے دوران دھماکہ خیز مواد، خودکش جیکٹس، 14 ڈیٹونیٹرز، 25 فٹ حفاظتی فیوز وائر، ممنوعہ اسٹیکرز، کالعدم لٹریچر اور نقدی بھی برآمد ہوئی۔
ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت غازی مرجان، معین خان، اصیل دین، ناصر شاہ، نصیب خان، ابرار، یوسف، ملے خان اور اسام سمیت دیگر ناموں سے ہوئی ہے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق رواں ہفتے کے دوران 2830 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے، جن میں 95 ہزار سے زائد افراد سے پوچھ گچھ اور 190 مشتبہ افراد کی حراست عمل میں لائی گئی۔
حکام نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے صوبے بھر میں کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *