اوتھل میں پھندہ لگی دو نعشیں برآمد، 17 سالہ لڑکی اور 18 سالہ نوجوان جاں بحق
لسبیلہ(بولونیوز)لسبیلہ کے علاقے اوتھل کے کنڈیارو میں پھندہ لگی دو نعشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے دونوں نعشوں کو تحویل میں لے کر سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں 17 سالہ لڑکی اور 18 سالہ نوجوان شامل ہیں، جن کا تعلق سندھ کے علاقے میرپورخاص سے بتایا جاتا ہے۔ ابتدائی شواہد کے مطابق واقعہ بظاہر خودکشی کا معلوم ہوتا ہے، تاہم معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی اوتھل خالدین، ایس ایچ او اوتھل یار محمد کمانڈو، ایدھی انچارج ڈاکٹر عبدالحکیم لاسی اور دیگر پولیس افسران محمد ہاشم شاہوک، عبدالرحمٰن رونجھو اور محمد علی شیخ بھی موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام پہلوؤں سے واقعے کی تفتیش کی جا رہی ہے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد حتمی رائے قائم کی جائے گی۔


