پرنس روڈ پر نجی پلازہ میں آتشزدگی، متعدد دکانیں جل گئیں
کوئٹہ(بولونیوز)پرنس روڈ پر واقع ایک نجی پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں پلازہ میں قائم متعدد دکانیں جل کر راکھ ہو گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آگ سے درجنوں دکانیں متاثر ہوئیں۔ آگ بجھانے کے لیے فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں اور پی ڈی ایم اے کی 4 گاڑیوں نے مشترکہ طور پر آپریشن میں حصہ لیا۔ آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بال کا استعمال بھی کیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق پلازہ میں کمپیوٹر، موبائل فون اور گارمنٹس سمیت مختلف نوعیت کی دکانیں قائم تھیں، جس کے باعث بھاری مالی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آتشزدگی شارٹ سرکٹ کے باعث ہوئی۔ آگ نے پلازہ کے قریب نصب بجلی کے ٹرانسفارمر اور تاروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا، جس کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم نقصان کا تخمینہ لگانے اور مزید تحقیقات کا عمل جاری ہے۔


