امریکا کی ایرانی ساحلوں پر دوبارہ بمباری، ایران کےبحرین اورکویت میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے

امریکا(بولونیوز)ایرانی ساحلوں پر ایک بار پھر فضائی کارروائی کرتے ہوئے آبنائے ہرمز کے قریب ایران کے متعدد فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امریکی لڑاکا طیاروں نے ایران کے دس فوجی ٹھکانوں، میزائل اور ڈرونز کے گوداموں کے علاوہ ریڈار سسٹمز پر حملے کیے۔

ذرائع کے مطابق یہ کارروائیاں آبنائے ہرمز کے قریب کی گئیں، جسے خطے کی ایک نہایت حساس آبی گزرگاہ قرار دیا جاتا ہے۔ حملوں کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے کویت میں واقع امریکی ایئربیس اور بحرین میں امریکی بحری بیڑے کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ ایرانی حکام کے مطابق یہ حملے امریکی جارحیت کے جواب میں کیے گئے ہیں۔

امریکی اور خلیجی حکام کی جانب سے تاحال نقصانات کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں، تاہم سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ خلیجی خطے میں ہائی الرٹ نافذ کر دیا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان اس تازہ کشیدگی سے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ عالمی سطح پر بھی صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے۔

ابھی تک دونوں جانب سے مکمل فوجی نقصانات یا مزید جوابی کارروائیوں کے بارے میں سرکاری طور پر کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم خطے میں تناؤ واضح طور پر بڑھتا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *