کراچی میں پاکستان رینجرز کے کیمپ پر دہشت گرد حملہ ناکام، 3 خوارج ہلاک، 3 جوان شہید

کراچی(بولونیوز)کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے ایک کیمپ پر بھارت کے پراکسی گروہ جماعت الاحرار سے تعلق رکھنے والے خوارج نے بزدلانہ دہشت گرد حملہ کیا۔

دہشت گردوں نے کیمپ کے مرکزی دروازے پر دھماکہ کرنے کے بعد حفاظتی حصار توڑ کر اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم پاکستان رینجرز (سندھ) کے مستعد اور بہادر جوانوں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔ جوابی کارروائی کے دوران تین خوارج ہلاک جبکہ ایک دہشت گرد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جو افغان شہری ہے۔

فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے تین بہادر سپوت جامِ شہادت نوش کر گئے، جبکہ چار اہلکار زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

واقعے کے بعد علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دیگر خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” کے وژن کے تحت ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی انسدادِ دہشت گردی مہم جاری رکھیں گے۔

پاکستان اپنے شہداء کے خون کا حساب لینے اور اس حملے میں ملوث عناصر کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کے لیے بھرپور جوابی کارروائیاں کرے گا۔

چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورس نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم قربانیوں نے وطن کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے ہر قیمت ادا کرنے کے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید مضبوط کیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *