امریکا میں تاریخ رقم، پہلی مسلم نائب گورنر خاتون غزالہ ہاشمی نے قرآن پاک پر حلف اٹھا لیا

واشنگٹن(بولونیوز)امریکا میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی جہاں پہلی مسلم نائب گورنر خاتون غزالہ ہاشمی نے قرآن پاک پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ اس موقع کو امریکا اور بالخصوص ریاست ورجینیا کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

ریاست ورجینیا کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گورنر کا عہدہ بھی ایک خاتون رہنما نے سنبھالا ہے۔ سابق رکن کانگریس ایبی گیل اسپین برجر نے گورنر کے عہدے کا حلف اٹھایا، جبکہ غزالہ ہاشمی نے لیفٹیننٹ گورنر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

اسی طرح ورجینیا کی تاریخ میں پہلی بار اٹارنی جنرل کا عہدہ بھی ایک سیاہ فام رہنما جے جونز نے سنبھالا، جس سے ریاست میں سیاسی نمائندگی کے نئے باب کا آغاز ہوا ہے۔

غزالہ ہاشمی نہ صرف امریکا کی پہلی مسلم نائب گورنر ہیں بلکہ وہ ریاست ورجینیا کی بھی پہلی خاتون نائب گورنر ہیں۔ حلف برداری کی تقریب کے موقع پر انٹرفیتھ پرئیر بریک فاسٹ کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران امام شریف نے دعا کرائی۔

سیاسی و سماجی حلقوں نے غزالہ ہاشمی کی کامیابی کو مذہبی ہم آہنگی، خواتین کے بااختیار ہونے اور اقلیتوں کی مؤثر نمائندگی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *