سندھ میں میٹرک و انٹر بورڈز میں نمبر سسٹم ختم، نیا گریڈنگ نظام منظور
کراچی(بولونیوز)سندھ حکومت نے صوبے کے تمام میٹرک اور انٹرمیڈیٹ تعلیمی بورڈز میں نمبر سسٹم ختم کرتے ہوئے نئے گریڈنگ سسٹم کی منظوری دے دی ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق صوبے بھر میں مرحلہ وار کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق رواں سال 2026 میں نویں اور گیارہویں جماعت کے امتحانات نئے گریڈنگ سسٹم کے تحت لیے جائیں گے، جبکہ 2027 میں دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں بھی گریڈنگ سسٹم نافذ کر دیا جائے گا۔
نئے گریڈنگ نظام کے مطابق طلبہ کے حاصل کردہ نمبرز کو درج ذیل گریڈز میں تقسیم کیا جائے گا:
96 سے 100 فیصد نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ کو اے ڈبل پلس (A++)،
91 سے 95 فیصد کو اے پلس (A+)،
86 سے 90 فیصد کو اے (A)،
81 سے 85 فیصد کو بی ڈبل پلس (B++)،
76 سے 80 فیصد کو بی پلس (B+)،
71 سے 75 فیصد کو بی (B)،
61 سے 70 فیصد کو سی پلس (C+)،
51 سے 60 فیصد کو سی (C)،
اور 40 سے 50 فیصد نمبرز حاصل کرنے والوں کو ڈی (D) گریڈ دیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 40 فیصد سے کم نمبرز حاصل کرنے والے طلبہ کو ناکام تصور کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے گریڈنگ سسٹم کا مقصد طلبہ پر نمبرز کے دباؤ کو کم کرنا، مقابلے کو صحت مند بنانا اور تعلیمی تشخیص کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ اس فیصلے کو تعلیمی ماہرین کی جانب سے مجموعی طور پر مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔


