کراچی کی بہتری کے لیے وفاق سے مدد درکار ہے، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب
کراچی(بولونیوز)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر کی بہتری کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بات قائداعظم محمد علی جناحؒ کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ کراچی کسی ایک جماعت کا نہیں، سب کا شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا ہو کر شہر کا مقدمہ لڑنا ہوگا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ “اگر کوئی بھی سیاسی رہنما وفاق کے سامنے کراچی کا مقدمہ رکھے گا، میں اس کے ساتھ کھڑا ہوں۔”
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ شہر کی بہتری کے لیے جو فنڈز ملے ہیں انہیں آئندہ 6 ماہ میں شفافیت کے ساتھ خرچ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت ساتھ دے تو کراچی میں ترقیاتی کام زیادہ مؤثر انداز میں ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر کراچی کے مفاد میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ “ہمیں سیاسی ٹوپی اتار کر کراچی کی ٹوپی پہننے کی ضرورت ہے۔”
انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی آئندہ چھ ماہ میں کئی ترقیاتی منصوبے شروع کرنے جارہی ہے۔
میئر کراچی کا کہنا تھا کہ شہر کے لوگ پریشان ہیں، کئی ٹاؤنز میں کام نہ ہونے کی شکایات موصول ہورہی ہیں، تاہم شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کوششیں جاری ہیں اور سال کے اختتام تک اچھی خبریں ملیں گی۔
مزید کہا کہ بعض لوگ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتے اور اسلام آباد میں بیٹھ کر صرف بیانات دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سب کا شہر ہے، اسے مل کر بہتر بنانا ہوگا۔


