بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مبینہ بے ضابطگیوں پر نیب کی کارروائی تیز، مزید شکایات زیرِ غور

کراچی(بولونیوز)بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مبینہ مالی اورانتظامی بے ضابطگیوں کے خلاف قومی احتساب بیورو نے اپنی کارروائی مزید تیز کر دی ہے، جبکہ مختلف شعبہ جات سے متعلق نئی اور پرانی شکایات کو تفصیلی جانچ کے مرحلے میں رکھا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی میں مبینہ غیر قانونی نیلامیوں، سرکاری زمینوں کے استعمال، ٹھیکہ جاتی امور اور دیگر انتظامی معاملات سے متعلق متعدد شکایات زیرِ تفتیش ہیں۔

تحقیقات کے دوران شہری تنظیموں، متعلقہ افسران اور عوامی نمائندوں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور نکات کو بھی شاملِ تفتیش کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سندھ اسمبلی کے ایک رکن کی جانب سے دی گئی شکایات اور درخواستیں بھی ریکارڈ کا حصہ بنا کر جانچی جا رہی ہیں۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ 2019 سے اب تک کا مکمل ریکارڈ طلب کر کے اس کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جس میں ملازمین کا ڈیٹا، پنشن سے متعلق امور،مالی لین دین،منظوریوں اورمختلف انتظامی فیصلوں کی تفصیلات شامل ہیں۔مزید بتایا گیا ہے کہ سرکاری زمینوں، پارکس، بس ٹرمینلز اور دیگر بلدیاتی اثاثوں کے استعمال سے متعلق معاملات بھی تحقیقات کے دائرہ کار میں شامل ہیں۔

تحقیقاتی اداروں کے مطابق تمام کارروائی شفاف اور قانونی طریقہ کار کے تحت جاری ہے تاکہ حقائق سامنے آ سکیں اور مبینہ بے ضابطگیوں کی تصدیق یا تردید ممکن ہو سکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *