او جی ڈی سی ایل نے سہیٹو-1 بلاک سے گیس کی باقاعدہ پیداوار شروع کر دی
اسلام آباد(بولونیوز) آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے سہیٹو-1 بلاک کنویں سے گیس کی باقاعدہ پیداوار شروع کر دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق سہیٹو-1 کنواں ابتدائی طور پر روزانہ 6 ملین مکعب فٹ گیس پیدا کر رہا ہے، جبکہ پیداواری صلاحیت میں مرحلہ وار مزید اضافہ کیا جائے گا۔
ترسیل کے لیے 5 کلومیٹر طویل اور 6 انچ قطر کی فلو لائن بچھا دی گئی ہے، جس کے ذریعے پیدا ہونے والی گیس کو سنجھورو پلانٹ میں پراسیسنگ کے بعد سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کیا جا رہا ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے بتایا کہ سہیٹو-1 گیس دریافت کا اعلان 26 مارچ 2026 کو کیا گیا تھا۔ کمپنی کے مطابق کھیواری جوائنٹ وینچر میں او جی ڈی سی ایل کے پاس 75 فیصد جبکہ جی ایچ پی ایل کے پاس 25 فیصد حصص ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نئی گیس پیداوار مقامی ہائیڈرو کاربن وسائل کے بہتر استعمال اور توانائی کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگی، جبکہ سہیٹو-1 منصوبہ ملکی توانائی شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔


