ایران جنگ کی مخالفت پر ایرانی نژاد امریکی رکنِ کانگریس یاسمین انصاری کو دھمکیاں
واشنگٹن(بولونیوز)ایرانی نژاد امریکی رکنِ کانگریس یاسمین انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کی مخالفت میں آواز اٹھانے کے بعد انہیں سنگین دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔یاسمین انصاری کے مطابق نہ صرف وہ خود بلکہ ان کے اہلِ خانہ اور عملے کو بھی ہراسانی اور دھمکیوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف جھوٹی معلومات پھیلائی جا رہی ہیں اور حتیٰ کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ جعلی تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کے بارے میں یہ بے بنیاد دعوے بھی کیے جا رہے ہیں کہ وہ اور ان کے والدین امریکی شہری نہیں ہیں، جو سراسر جھوٹ اور گمراہ کن پروپیگنڈا ہے۔کانگریس وومن کا کہنا تھا کہ وہ اس دباؤ کے باوجود امریکی صدر اور وزیرِ دفاع کی جنگ سے متعلق پالیسیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کرتی رہیں گی اور کسی بھی قسم کی دھمکی انہیں حق بات کہنے سے نہیں روک سکتی۔یاسمین انصاری نے مطالبہ کیا کہ منتخب نمائندوں اور ان کے خاندانوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور جھوٹی معلومات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔


