حزب اللہ نے لبنان–اسرائیل معاہدہ مسترد کر دیا، اسرائیلی انخلا تک مزاحمت جاری رکھنے کا اعلان

ایران(بولونیوز)حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم نے لبنان اور اسرائیل کے درمیان امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے مجوزہ ’’فریم ورک معاہدے‘‘ کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ لبنان کی خودمختاری کے خلاف ہے اور اسرائیلی قبضے کو قانونی جواز فراہم کرنے کی کوشش ہے۔

ہفتے کے روز جاری بیان میں شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ اس معاہدے کے بجائے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت پر عمل کیا جانا چاہیے، اور اسرائیلی انخلا تک مزاحمت جاری رہنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوج کے جنوبی لبنان سے انخلا کو حزب اللہ کے ہتھیار ڈالنے سے مشروط کرنا ایک ’’انتہائی خطرناک تجویز‘‘ ہے۔ ان کے مطابق یہ معاہدہ اسرائیلی قبضے کو طویل عرصے تک برقرار رکھنے اور لبنانی علاقوں کے الحاق کی راہ ہموار کر سکتا ہے۔

ارنا کے مطابق شیخ نعیم قاسم نے دعویٰ کیا کہ ایران اور امریکا کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی مفاہمتی یادداشت میں لبنان کے خلاف جنگ بندی اور اسرائیلی افواج کے 60 روز میں مکمل انخلا کی ضمانت دی گئی تھی، جبکہ موجودہ معاہدے میں لبنان اپنی سفارتی برتری اور مزاحمت کی طاقت کھو بیٹھا ہے۔

انہوں نے اس معاہدے کو ’’ذلت آمیز، شرمناک اور خودمختاری سے دستبرداری‘‘ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ حزب اللہ اسرائیلی قبضے کے خاتمے تک اپنی مزاحمت جاری رکھے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *