پیٹرول اور ڈیزل کی قلت برقرار، پمپس پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں
کوئٹہ(بولونیوز) کوئٹہ میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت بدستور برقرار ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے متعدد پمپس بند ہونے کے باعث جہاں کھلے پمپس پر رش بڑھ گیا ہے وہیں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
شہریوں کے مطابق ایرانی پیٹرول پر پابندی اور ملکی سپلائی کی عدم دستیابی نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ گھنٹوں قطاروں میں کھڑے رہنے کے باوجود پیٹرول حاصل نہیں کر پا رہے۔
دوسری جانب صدر پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق قلت کی بڑی وجہ عید کی تعطیلات کے باعث تیل کمپنیوں کی سپلائی میں تاخیر ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شکارپور کے ڈپو سے پیٹرول اور ڈیزل کی وافر مقدار میں لوڈنگ شروع ہو چکی ہے۔
ان کے مطابق صورتحال کو معمول پر آنے میں مزید دو دن لگ سکتے ہیں، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بہتر ہونے کی توقع ہے۔


