بیرون ملک سفری پابندیوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) بیرون ملک سفری پابندیوں سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ سامنے آ گیا ہے، جس میں عدالت نے واضح قرار دیا ہے کہ صرف کسی دوسرے ملک سے اوور اسٹے کی بنیاد پر ڈی پورٹ ہونا سفری پابندی کا جواز نہیں بن سکتا۔یہ فیصلہ جسٹس محمد آصف نے چار صفحات پر مشتمل تفصیلی تحریری صورت میں جاری کیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ اوور اسٹے کے باعث ڈی پورٹ ہونے پر شہری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (PCL) میں شامل کرنا غیر قانونی ہے، اور ایسے شہری کا نام فوری طور پر لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا گیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ سفری پابندی کے لیے کسی جرم، سکیورٹی خدشے یا ٹھوس شواہد کا ہونا ضروری ہے، جبکہ بغیر کسی جرم کے شہری کے بیرون ملک سفر اور روزگار کے آئینی حق پر پابندی نہیں لگائی جا سکتی۔

عدالت نے مزید کہا کہ اس نوعیت کا اقدام آئین کے مختلف آرٹیکلز، بشمول بنیادی حقوق سے متعلق دفعات کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

وفاقی حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ خلیجی ملک میں اوور اسٹے کے باعث شہری کو ڈی پورٹ کیا گیا تھا اور پالیسی کے تحت اس کا نام PCL میں شامل کیا گیا، تاہم عدالت نے قرار دیا کہ یہ اقدام قانونی معیار پر پورا نہیں اترتا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *