مولانا ادریس قتل کیس میں اہم پیشرفت، 7 ملزمان گرفتار

پشاور(بولونیوز)پشاور میں چند روز قبل فائرنگ کے واقعے میں شہید ہونے والے جے یو آئی کے سابق رکن اسمبلی مولانا ادریس کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے دوران 7 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان مردان ریجن سے حراست میں لیے گئے ہیں، جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ کیس کی تحقیقات مختلف زاویوں سے کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ کے مختلف علاقوں میں جیو فینسنگ کا عمل جاری ہے، جبکہ ایک مبینہ ٹارگٹ کلر کے چارسدہ سے فرار ہونے کی ویڈیو بھی حاصل کر کے اس کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تفتیشی حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز میں مبینہ ٹارگٹ کلر کو پشاور کے علاقے چمکنی اور کوہاٹ روڈ پر دیکھا گیا ہے۔ واقعے کے روز ملزم موٹرسائیکل پر چمکنی سے سروس روڈ کے ذریعے صبح ساڑھے 5 بجے چارسدہ پہنچا۔

تحقیقات میں سیف سٹی ٹیم اور دیگر تفتیشی یونٹس کی معاونت بھی حاصل کی جا رہی ہے تاکہ کیس کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے۔

واضح رہے کہ 5 مئی کو چارسدہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مولانا شیخ ادریس شہید ہوگئے تھے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *