انمول عرف پنکی کے حساس اداروں کی تفتیش میں مزید انکشافات، کوکین نیٹ ورک اور مبینہ روابط سامنے آگئے
لاہور(بولونیوز)لاہور میں منشیات کیس میں گرفتار انمول عرف پنکی سے جاری حساس اداروں کی تحقیقات کے دوران مزید سنسنی خیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ نے بیان میں کہا ہے کہ اس کا مبینہ کوکین نیٹ ورک تقریباً 700 سے 800 صارفین پر مشتمل تھا، جبکہ 100 سے 150 مستقل گاہک باقاعدگی سے منشیات حاصل کرتے تھے۔
ذرائع کے مطابق انمول عرف پنکی نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ مختلف اداروں کے اہلکاروں کو مبینہ طور پر رشوت دی جاتی رہی۔ اس کے مطابق اے این ایف اہلکاروں کو تقریباً 1 کروڑ 5 لاکھ روپے تک رشوت دی گئی، جبکہ بعض پولیس اسٹیشنز بشمول درخشاں، گزری اور بوٹ بیسن کے اہلکاروں کو بھی مبینہ طور پر لاکھوں روپے ادا کیے گئے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزمہ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اس کے نیٹ ورک سے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد بھی جڑے ہوئے تھے، جن میں شوبز انڈسٹری کے بعض افراد کا ذکر بھی سامنے آیا ہے۔
مزید انکشافات میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا ہے کہ مبینہ طور پر بعض سیاسی شخصیات اور ان کے اہل خانہ بھی رابطے میں رہے، تاہم حکام نے واضح کیا ہے کہ ان تمام دعوؤں کی تصدیق اور فرانزک جانچ جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات میں یہ پہلو بھی زیرِ غور ہے کہ منشیات کے مبینہ نیٹ ورک کے اثرات مختلف سماجی طبقات تک پھیلے ہوئے تھے، تاہم قانون نافذ کرنے والے ادارے تمام الزامات کی آزادانہ اور شفاف تحقیقات کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حتمی نتائج تفتیش مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔


