مویشی منڈیوں میں خریداری کا بڑھتا رش، لاہور پولیس کے سخت سکیورٹی انتظامات

لاہور(بولونیوز)عیدالاضحیٰ کے پیشِ نظر مویشی منڈیوں میں خریداری کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث لاہور پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیے ہیں۔ فیصل کامران، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، نے مویشی منڈی شاہ پور کانجراں کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے موقع پر موجود افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور شہریوں و بیوپاریوں سے سکیورٹی کے حوالے سے رائے بھی لی۔ ان کا کہنا تھا کہ مویشی منڈی شاہ پور کانجراں میں 120 افسران اور جوان تعینات ہیں، جبکہ اس وقت شاہ پور کانجراں کے علاوہ کاہنہ ڈیفنس روڈ پر بھی مویشی منڈی فعال ہے۔

فیصل کامران نے واضح کیا کہ منظور شدہ پوائنٹس کے علاوہ مویشیوں کی خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔ مویشی منڈیوں سے ملحقہ شاہراؤں پر مسلسل پٹرولنگ جاری ہے اور پولیس جوان تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ بیوپاریوں اور خریداروں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے شہریوں کو ہدایت کی کہ لین دین کے دوران انتہائی احتیاط برتیں، ممکن ہو تو آن لائن ادائیگی کو ترجیح دیں اور نوسربازوں و جیب کتروں سے ہوشیار رہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شکایت کی صورت میں فوراً 15 پر اطلاع دی جائے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *