بھارتی آبی جارحیت سے 6 ہزار اموات، سندھ طاس معاہدہ دنیا کا مضبوط ترین معاہدہ ہے، مصدق ملک
اسلام آباد(بولونیوز)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا ہے کہ بھارتی آبی جارحیت کے باعث اب تک ہمارے 6 ہزار لوگ جاں بحق ہو چکے ہیں، اتنی اموات تو جنگوں میں بھی نہیں ہوتیں۔ انہوں نے اس صورتحال کو انسانی المیے سے تعبیر کرتے ہوئے عالمی برادری سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان طے پانے والا سندھ طاس معاہدہ تین جنگوں کے باوجود قائم رہا، جو اس کی مضبوطی کا واضح ثبوت ہے۔ اگر ایسا مضبوط ترین معاہدہ بھی برقرار نہ رہ سکا تو پھر دنیا میں کسی بھی بین الاقوامی معاہدے کی حیثیت مشکوک ہو جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پانی جیسے بنیادی انسانی حق کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا بین الاقوامی قوانین اور انسانی اقدار کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس پر عالمی سطح پر سنجیدہ ردعمل ضروری ہے۔


