انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں مبینہ طبی غفلت، سرجری کے دوران مریض کے جسم میں قینچی رہ گئی

فیصل آباد(بولونیوز)فیصل آباد میں واقع انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں طبی غفلت کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں اوپن ہارٹ سرجری کے دوران مبینہ طور پر مریض کے جسم میں قینچی رہ گئی۔

ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر ندیم کے مطابق ٹوبہ ٹیک سنگھ کے رہائشی 22 سالہ ثقلین کا آپریشن کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ آپریشن کے دوران استعمال ہونے والا سرجیکل آلہ جسم کے اندر رہ گیا۔

ذرائع کے مطابق مریض کو تقریباً تین ہفتے تک شدید تکلیف کا سامنا رہا، جس کے بعد دوبارہ آپریشن کر کے قینچی نکالی گئی۔

ایم ایس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں اسٹاف نرسز کی غفلت سامنے آئی ہے، جنہوں نے آپریشن کے بعد سرجیکل آلات کی مکمل گنتی نہیں کی، جو کہ سنگین لاپرواہی ہے۔

انتظامیہ کے مطابق ذمہ دار دونوں اسٹاف نرسز کی خدمات ہسپتال سے واپس لے لی گئی ہیں جبکہ مزید کارروائی کے لیے سیکرٹری صحت پنجاب کو مراسلہ ارسال کر دیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *