شہید ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا

لکی مروت(بولونیوز)سرائے نورنگ میں ہونے والے دھماکے کے دوران ڈیوٹی پر جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادر ٹریفک پولیس اہلکاروں کی نمازِ جنازہ پولیس لائن لکی مروت میں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق شہداء کی نمازِ جنازہ میں نزیر خان (ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت)، حمیداللہ خان (ڈپٹی کمشنر)، مراد خان (ایس پی انویسٹی گیشن) سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران، ضلعی انتظامیہ، دفتری عملہ، پولیس جوانوں اور شہداء کے عزیز و اقارب نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی پیش کی، جبکہ افسران نے شہداء کے تابوتوں پر پھول چڑھائے۔ شہداء کی درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔
شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *