شاہراہِ بھٹو کے اطراف غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بڑا آپریشن، متعدد ڈھانچے مسمار
کراچی(بولونیوز)شاہراہِ بھٹو کے اطراف غیر قانونی تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بڑا آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔کارروائی اسسٹنٹ کمشنر شاہ فیصل سمی لوہار کی نگرانی میں اینٹی انکروچمنٹ عملے کے ذریعے جاری ہے، جس میں پولیس اور متعلقہ ادارے بھی بھرپور حصہ لے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بادل گوٹھ کے قریب تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھاری مشینری استعمال کی جا رہی ہے، جبکہ تھانہ شرافی گوٹھ کی حدود میں بھی بھاری پولیس نفری تعینات ہے۔کارروائی کے دوران ایس ایچ او شرافی گوٹھ موقع پر موجود رہے اور آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ ملیر پولیس اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کارروائی میں متعدد غیر قانونی طور پر قائم ڈھانچوں کو مسمار کر دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے مطابق شہر بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن جاری رہے گا اور کسی بھی غیر قانونی تعمیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔


