بیرون ملک پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ، اپریل میں 3.5 ارب ڈالر موصول

کراچی(بولونیوز) بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے وطن بھجوائی گئی ترسیلات زر کی تازہ صورتحال جاری کر دی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اپریل 2026 میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے مجموعی طور پر 3.5 ارب امریکی ڈالر پاکستان بھجوائے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ترسیلات زر میں سال بہ سال بنیادوں پر 11.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، تاہم ماہ بہ ماہ بنیادوں پر 7.6 فیصد کمی دیکھی گئی۔

جولائی تا اپریل مالی سال 2026 کے دوران مجموعی ترسیلات زر 33.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 31.2 ارب ڈالر کے مقابلے میں 8.5 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق اپریل میں سب سے زیادہ ترسیلات سعودی عرب سے موصول ہوئیں، جو 841.7 ملین ڈالر رہیں۔

اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات سے 734.7 ملین ڈالر، برطانیہ سے 563.7 ملین ڈالر جبکہ امریکہ سے 317.6 ملین ڈالر کی ترسیلات پاکستان بھیجی گئیں۔ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں یہ اضافہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور معیشت کے لیے مثبت رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *