ناقص ٹیلی کام سروسز پر پی ٹی اے کا ایکشن، 39 شوکاز نوٹس اور کروڑوں روپے کے جرمانے عائد
شہر(بولونیوز)ناقص ٹیلی کام سروسز اور معیار کی خلاف ورزیوں پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کا سخت ایکشن سامنے آ گیا ہے۔دستاویزات کے مطابق گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ٹیلی کام آپریٹرز کو مجموعی طور پر 39 شوکاز نوٹس جاری کیے گئے جبکہ ناقص موبائل سروسز اور معیار کی خلاف ورزیوں پر 18 وارننگ لیٹرز بھی جاری کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے مجموعی طور پر 68.9 ملین روپے کے جرمانے عائد کیے، جن میں سے اب تک صرف 13.6 ملین روپے کی ریکوری ہو سکی ہے۔دستاویز کے مطابق 11 کیسز اس وقت عدالتی کارروائی کے باعث زیر التوا ہیں، جبکہ گزشتہ تین برسوں میں ملک بھر میں 379 کوالٹی آف سروس سرویز کیے گئے۔
ان سرویز میں سے 136 صارفین کی شکایات پر مبنی تھے، جن میں مختلف شہروں میں موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ ڈیٹا سروسز کے مسائل سامنے آئے۔پی ٹی اے کے مطابق بار بار شکایات پر مختلف شہروں میں تمام ٹیلی کام کمپنیوں کو وارننگز جاری کی گئیں، جبکہ بعض آپریٹرز نے تعمیل رپورٹس بھی جمع کرا دی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے ٹیلی کام سروسز بہتر بنانے کے لیے لائسنس شرائط پر سختی سے عملدرآمد شروع کر دیا ہے، اور نیٹ ورک توسیع و انفراسٹرکچر شیئرنگ کے لیے بھی نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔


