معمار موڑ پر مشکوک گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید، دو ملزمان گرفتار
کراچی(بولونیوز)معمار موڑ کے قریب گاڑی کی ٹکر سے پولیس اہلکار شہید ہو گیا۔ڈی ایس پی سہراب گوٹھ کے مطابق افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس نے ایک مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔
ڈی ایس پی نے بتایا کہ کار سواروں نے پولیس اہلکار کو ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں اہلکار شدید زخمی ہو کر شہید ہو گیا۔ شہید اہلکار کی شناخت عبدالمنان کے نام سے ہوئی جو سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں تعینات تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی گاڑی سے چھالیہ اور گٹکا بھی برآمد ہوا ہے۔واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


