الحراء پمپنگ اسٹیشن کی ازسرِنو تعمیر فوری شروع کرنے کا مطالبہ
کراچی(بولونیوز) حق پرست رکنِ سندھ اسمبلی انجینئر حافظ سید اعجازالحق نے ایم ڈی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کراچی کو خط لکھ کر الحراء پمپنگ اسٹیشن کی ازسرِنو تعمیر فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سال 2023 میں ایم پی اے فنڈ کے تحت اے ڈی پی اسکیم میں منظور ہونے والا یہ منصوبہ، جس میں الحراء پمپنگ اسٹیشن کو مسمار کرکے دوبارہ تعمیر کرنا شامل تھا، تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔
رکنِ اسمبلی نے خط میں پمپنگ اسٹیشن سے منسلک علاقوں میں پانی کی شدید قلت اور شہریوں کو درپیش مشکلات پر بھی روشنی ڈالی ہے اور کہا ہے کہ علاقہ مکین شدید اذیت اور پریشانی کا سامنا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے پر فوری طور پر کام کا آغاز کیا جائے تاکہ شہریوں کو بنیادی ضرورت یعنی پانی کی سہولت بروقت فراہم کی جا سکے۔


