پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ ریاستی زیادتیوں کی مذمت

کراچی(بولونیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن نے چیئرمین عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف مبینہ ریاستی اقدامات اور سلوک کی شدید مذمت کی ہے۔

پی ٹی آئی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکرٹری ارسلان خالد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کو غیر منصفانہ قید، تنہائی میں رکھنے اور بنیادی سہولیات سے محرومی کا سامنا ہے، جبکہ ان کی صحت کے حوالے سے اطلاعات تشویشناک ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ذاتی معالجین تک رسائی اور اہلِ خانہ سے ملاقاتوں پر پابندیاں بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں، جس سے صورتحال مزید سنگین ہو رہی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ بشریٰ بی بی کی آنکھ کے مبینہ ہنگامی آپریشن اور طبی سہولیات میں تاخیر نے بھی صورتحال کی سنگینی کو اجاگر کیا ہے، جبکہ جیل حکام کے رویے پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو فوری اور شفاف طبی سہولیات فراہم کی جائیں، ذاتی معالجین تک رسائی دی جائے اور بشریٰ بی بی کو مکمل سہولیات کے ساتھ ہسپتال منتقل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ان کی صحت میں مزید خرابی ہوئی تو اس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی، اور پارٹی اس معاملے کو سیاسی انتقام قرار دیتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *