لبنان اور اسرائیل میں 10 روزہ جنگ بندی نافذ، بیروت میں شہریوں کا جشن، ہوائی فائرنگ
لبنان(بولونیوز)لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔ جنگ بندی کے نفاذ کی خبر سامنے آتے ہی لبنان کے دارالحکومت بیروت میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور خوشی کا اظہار کیا۔
عینی شاہدین کے مطابق بیروت کے مختلف علاقوں میں جشن منایا گیا، لوگوں نے نعرے لگائے جبکہ خوشی کے موقع پر ہوائی فائرنگ بھی کی گئی۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ طویل کشیدگی کے بعد جنگ بندی سے سکھ کا سانس ملا ہے۔
دوسری جانب لبنان اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی پر ایران کے دارالحکومت تہران میں بھی ردِعمل سامنے آیا، جہاں فضا حزب اللہ کے حق میں نعروں سے گونجتی رہی۔
سیاسی مبصرین کے مطابق یہ جنگ بندی عارضی ہے تاہم خطے میں امن کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔ صورتحال پر عالمی برادری بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔


