شہری نے غلط ای چالان کے خلاف کیس جیت لیا، عدالت نے چالان منسوخ کر دیا

کراچی(بولونیوز) ٹریفک پولیس کراچی کی جانب سے جاری کیے گئے مبینہ غلط ای چالان کے خلاف شہری عدالت سے رجوع کرنے میں کامیاب ہو گیا۔

عدالت نے شہری کی درخواست نمٹاتے ہوئے ای چالان منسوخ کر دیا اور ٹریفک پولیس کو آئندہ ای چالان جاری کرتے وقت مزید احتیاط برتنے کی ہدایت جاری کی۔

کیس کی سماعت کراچی کے ایڈیشنل سیشن جج جنوبی کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس کی جانب سے رپورٹ پیش کی گئی۔

درخواست گزار شہری نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ 27 فروری کو صدر میں غلط پارکنگ کے الزام میں 10 ہزار روپے کا ای چالان کیا گیا، جبکہ اس نے گاڑی پارک نہیں کی تھی بلکہ صرف مختصر وقت کے لیے پک اینڈ ڈراپ کے لیے روکا تھا۔ شہری کے مطابق اسی مقام پر غیر قانونی موٹر سائیکلیں بھی کھڑی ہوتی ہیں۔

شہری نے مزید کہا کہ اس نے ریویو کمیٹی سے بھی رجوع کیا تھا تاہم اس کی شکایت مسترد کر دی گئی تھی، جس پر اس نے عدالت سے رجوع کیا۔

سماعت کے دوران ٹریفک پولیس کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریویو کمیٹی نے بعد ازاں شہری کی شکایت تسلیم کرتے ہوئے چالان منسوخ کر دیا تھا۔

عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ چونکہ متعلقہ کمیٹی پہلے ہی درخواست گزار کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے، اس لیے درخواست نمٹائی جاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *