مطلع کیے بغیر گیس کی اچانک بندش، نئے لوڈشیڈنگ شیڈول سے شہری پریشان
کراچی(بولونیوز) شہر میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا ہے۔ انتظامیہ نے پیشگی اطلاع کے بغیر گیس کی سپلائی اچانک منقطع کر دی، جس سے شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
نئے شیڈول کے مطابق شہر میں صبح 10 بجے سے 12 بجے، سہ پہر 3 بجے سے 6 بجے اور رات 10 بجے سے صبح 5:30 بجے تک گیس کی فراہمی معطل رہے گی۔ کورنگی، لانڈھی، گارڈن اور نارتھ ناظم آباد سمیت مختلف علاقوں کے مکینوں نے شکایت کی کہ گیس نہ ہونے کے باعث بچے بغیر ناشتے کے اسکول جانے پر مجبور ہیں، جبکہ گیس آنے کے اوقات میں بھی پریشر انتہائی کم ہے۔
دوسری جانب، گیس کے متبادل کے طور پر استعمال ہونے والی ایل پی جی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ منافع خور اس کی قیمت سرکاری نرخ 304 روپے کے بجائے 515 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے ہیں، جس سے غریب طبقے کی قوتِ خرید مکمل طور پر متاثر ہوئی ہے۔
مشتعل شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نہ صرف گیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے بلکہ ایل پی جی کی قیمتوں پر قابو پا کر عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔


