سندھ ہائی کورٹ نے کورنگی ٹاؤن فوڈ اسٹریٹ کو قانونی قرار دے دیا، تمام پٹیشنز خارج
کراچی(بولونیوز) سندھ ہائی کورٹ کے دو رکنی آئینی بینچ جسٹس نثار پھمڑو اور جسٹس سلیم جیسر نے کورنگی ٹاؤن کی جانب سے قائم کردہ فوڈ اسٹریٹ کو قانونی قرار دیتے ہوئے اس کے خلاف دائر تمام پٹیشنز خارج کر دی ہیں۔
یہ پٹیشن CPD. 2384/2025 ایڈوکیٹ لئیق کوہستانی نے سندھ حکومت کے خلاف دائر کی تھی۔ کورنگی ٹاؤن کی پیروی میں بیرسٹر فہد فاروق اور بیرسٹر جہانگیر کلہوڑو شامل تھے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ فوڈ اسٹریٹ عوام کی فلاح اور تفریح کے لیے قائم کی گئی ہے اور 40 فیصد اسٹالز خواتین کے لیے مختص کیے گئے ہیں، جہاں خواتین اپنے بچوں کے لیے عزت کے ساتھ روزگار حاصل کر رہی ہیں۔
یہ فوڈ اسٹریٹ 2006 میں سابقہ ڈی ایم سی کے ذریعے قائم کی گئی تھی، اور 2025 میں کورنگی ٹاؤن انتظامیہ نے جدید خطوط پر اسے دوبارہ قائم کیا۔ تمام انتظامات اور چالان ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے زیر انتظام ہیں اور زمین کی ملکیت بھی ٹاؤن کے پاس ہے۔
عدالت نے فیصلہ دیا کہ اس فوڈ اسٹریٹ کا مکمل انتظام پہلے اور مستقبل میں بھی ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی ہی دیکھے گی اور دائر کی گئی تین دیگر پٹیشنز کو بھی مسترد کر دیا گیا۔
یہ فیصلہ کورنگی ٹاؤن انتظامیہ اور عوام کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، جو شہریوں کے لیے محفوظ اور معیاری تفریحی سہولیات فراہم کرتی ہے۔


