دنیا بھر میں پٹرول کے بحران کا خدشہ، ایندھن کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان
نیویارک(بولونیوز)عالمی سطح پر پٹرول اور دیگر ریفائن شدہ ایندھن کی سپلائی میں دباؤ کے باعث مستقبل قریب میں پٹرول کے بحران اور قیمتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق امریکا سمیت مختلف خطوں میں ریفائن شدہ ایندھن کی قیمتیں خام تیل کے مقابلے میں غیر معمولی حد تک بلند ہیں۔ ایران سے متعلق کشیدگی کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ تو تقریباً ختم ہو چکا ہے، تاہم پٹرول اور دیگر ایندھن کی قیمتیں اب بھی بلند سطح پر برقرار ہیں۔
رپورٹ کے مطابق امریکا میں 10 جولائی تک عام استعمال ہونے والے پٹرول کی اوسط قیمت 3.88 ڈالر فی گیلن ریکارڈ کی گئی، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل اور ریفائن شدہ ایندھن کی قیمتوں کے درمیان فرق ریکارڈ سطح تک پہنچ چکا ہے۔
توانائی کے ماہرین کے مطابق روس کی جانب سے برآمدات پر ممکنہ پابندی، یوکرین جنگ کے جاری اثرات اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی ایندھن کی سپلائی کو مزید متاثر کر سکتی ہے، جس کے باعث آئندہ ہفتوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر سپلائی کا بحران شدت اختیار کرتا ہے تو اس کے اثرات عالمی سفر، نقل و حمل، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور مہنگائی پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے مختلف ممالک کی حکومتوں کو مہنگائی پر قابو پانے میں مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


