کراچی کے ساحل کے قریب لاپتا کارگو طیارے کی تلاش جاری، ریسکیو آپریشن میں تیزی

کراچی(بولونیوز) کراچی کے ساحل کے قریب بحیرۂ عرب میں لاپتا ہونے والے کارگو طیارے کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن بدستور جاری ہے۔ حکام کے مطابق طیارے نے پرواز کے دوران نیوی گیشن سے متعلق مسئلے کی اطلاع دی تھی، جس کے بعد اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرچ ٹیمیں جدید آلات کی مدد سے ملبے، فلائٹ ریکارڈر اور عملے کے ارکان کی تلاش میں مصروف ہیں۔ ماہرین کے مطابق سمندر کی زیادہ گہرائی، تیز لہروں اور محدود حدِ نگاہ کے باعث ریسکیو آپریشن کو غیر معمولی مشکلات کا سامنا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق طیارے میں پانچ افراد پر مشتمل عملہ سوار تھا، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی جاری ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ سرچ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام ممکنہ شواہد اور عملے کے بارے میں معلومات حاصل نہیں ہو جاتیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *