خواتین سفارتکاروں کے عالمی دن پر صدرِ مملکت اور خاتونِ اول کا خراجِ تحسین
اسلام آباد(بولونیوز)خواتین سفارتکاروں کے عالمی دن کے موقع پر صدرِ مملکت اور خاتونِ اول نے خواتین سفارتکاروں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی خواتین سفارتکار اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف مؤثر، مدلل اور بھرپور انداز میں پیش کر رہی ہیں، جو باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین سفارتکار پاکستان کی خارجہ پالیسی کو آگے بڑھانے، عالمی سطح پر ملک کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور بین الاقوامی تعلقات کو مضبوط بنانے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
اس موقع پر خاتونِ اول نے بھی خواتین سفارتکاروں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خواتین عالمی امن، سفارتی تعاون اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی خواتین اپنی صلاحیتوں، محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے دنیا بھر میں ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔
صدرِ مملکت اور خاتونِ اول نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کو سفارتکاری سمیت ہر شعبے میں مساوی مواقع فراہم کرنے اور ان کی صلاحیتوں کو مزید فروغ دینے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔


