ضلع ملیر پولیس کی بڑی کارروائی، پاکستان اسٹیل مل سے چوری کرنے والا منظم گینگ گرفتار
کراچی(بولونیوز) ضلع ملیر پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستان اسٹیل مل سے قیمتی دھاتیں چوری کرنے والے منظم گینگ کو گرفتار کر لیا ہے۔
ایس ایس پی ملیر کی خصوصی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف جاری مہم کے دوران ایس ایچ او تھانہ بن قاسم نے اسٹاف کے ہمراہ کارروائی کی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں عامر علی، عطا الرحمن اور صدام حسین شامل ہیں، جن کے قبضے سے 11 کلو گرام تانبا، 40 کلو گرام اسٹیل اور واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان انتہائی پیشہ ور اور ریکارڈ یافتہ ہیں، اور ان کے خلاف پہلے سے متعدد مقدمات بھی درج ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم عامر علی کے خلاف مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات درج ہیں، جبکہ عطا الرحمن کے خلاف بھی اغوا اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ موجود ہے۔
پولیس نے تمام ملزمان کے خلاف تھانہ بن قاسم میں مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔ حکام کے مطابق دورانِ تفتیش مزید انکشافات اور دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کا امکان ہے۔


