وفاقی بجٹ، وزیراعظم شہباز شریف کا عوام کو ریلیف دینے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی بجٹ کے حوالے سے محمد شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے پاکستان نے معاشی استحکام حاصل کیا اور اسی استحکام کی بنیاد پر حکومت نے بجٹ میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان کے ہر شہری کے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں جنہوں نے مشکل ترین حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، مشکلات کا سامنا کیا اور ملک کے معاشی استحکام کے لیے بھرپور کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ معاشی استحکام حاصل ہونے کے بعد اس کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے، اور الحمدللہ اب خوشحالی کا دور شروع ہو چکا ہے۔ وزیراعظم کے مطابق مشکل دور کے بعد جس بہتری اور ریلیف کا وعدہ کیا گیا تھا، اس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کو ’’ریلیف کا بجٹ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامی فلاح، تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے، برآمدات میں اضافے، صنعتوں کے فروغ، زرعی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور مجموعی معاشی ترقی کا بجٹ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچیں اور ہر طبقہ اس ترقی میں شامل ہو۔
وزیراعظم نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، پوری معاشی ٹیم، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور تمام متعلقہ اداروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا جن کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے یہ ریلیف ممکن ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ’’اپنا گھر پروگرام‘‘ کے تحت عوام کو اپنی چھت کی سہولت فراہم کرنے، ٹیکس ریلیف دینے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے، متوسط طبقے پر بوجھ کم کرنے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان شاء اللہ ترقی کا یہ سفر پوری رفتار سے جاری رہے گا اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جاتا رہے گا۔


