وفاقی حکومت کا ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کے لیے بجٹ 2026-27 ریلیف پیکج کا اعلان
اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی حکومت نے بجٹ 2026-27 میں سرکاری ملازمین، مسلح افواج اور پنشنرز کے لیے بڑے ریلیف پیکج کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق نئے پے اسکیلز 2026 متعارف کرائے جائیں گے، جن میں ایڈہاک ریلیف الاؤنس 2022 (15 فیصد) اور 2025 (10 فیصد) کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے گا۔
تمام وفاقی سرکاری ملازمین کو رننگ بیسک پے پر 7 فیصد ایڈہاک ریلیف الاؤنس (ARA) دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ اسی طرح ڈسپیریٹی ریڈکشن الاؤنس 2026 کے تحت بیسک پے کا 15 فیصد BPS-1 سے 22 تک کے ملازمین کو دیا جائے گا۔
کنویینس الاؤنس میں موجودہ رقم کے مقابلے میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ سول آرمڈ فورسز کے لیے کانسٹینٹ اٹینڈنٹ الاؤنس 7 ہزار روپے سے بڑھا کر 30 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق کیبنٹ ڈویژن کے افسران اور عملے کی اسپیشل پے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 20 ہزار روپے ماہانہ مقرر کر دی گئی ہے۔ اسی طرح نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (NH&MP) کے BPS-1 سے 22 تک کے ملازمین کا اسپیشل الاؤنس 10 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کر دیا گیا ہے۔
مزید برآں اسپیشل کنویینس الاؤنس 6 ہزار روپے سے بڑھا کر 10 ہزار روپے کرنے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ تمام پنشنرز کی بیس لائن پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق یہ تمام ریلیف اقدامات یکم جولائی 2026 سے نافذ العمل ہوں گے، جن کا مقصد بڑھتی ہوئی مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور سرکاری ملازمین و پنشنرز کو مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔


