سیکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں، 48 دہشت گرد ہلاک، آئی ایس پی آر
میران شاہ / شمالی وزیرستان(بولونیوز)سیکیورٹی فورسزکی جانب سے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے سلسلے میں ضلع شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں، جن میں متعدد مشتبہ ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران میرعلی، میرانو شاہ اور گردونواح میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران 21 مزید مبینہ دہشت گرد مارے گئے، جن کا تعلق بھارتی حمایت یافتہ نیٹ ورک “فتنہ الخوارج” سے بتایا گیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے جانے والوں میں چار اہم کمانڈرز بھی شامل ہیں جن کی شناخت خوارجی خالد رضا عرف سالار، خوارجی مفتون، خوارجی موسیٰ اور خوارجی عمران عرف ایان کے ناموں سے کی گئی ہے۔ یہ افراد سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں پر حملوں میں مطلوب تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر گزشتہ آپریشنز میں 48 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس اور سرچ آپریشن جاری ہیں تاکہ باقی ماندہ دہشت گردوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ سیکیورٹی فورسز کے مطابق ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے انسدادِ دہشت گردی مہم “عزمِ استحکام” کے تحت کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گی۔


