سی ٹی ڈی سندھ اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ کارروائی، اہم ملزم گرفتار
کراچی(بولونیوز) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (CTD) سندھ اور وفاقی سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے مبینہ طور پر ایک اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جو دہشت گرد نیٹ ورک کو تکنیکی معاونت اور ڈرون سے متعلق سامان فراہم کرنے میں ملوث بتایا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی اپنی نوعیت کی اہم کامیابی قرار دی جا رہی ہے، جس میں جدید ڈرون ٹیکنالوجی اور دھماکہ خیز مواد کی سپلائی چین سے منسلک ایک مرکزی کردار کو حراست میں لیا گیا۔
گرفتار ملزم کی شناخت طاہر کے بھائی طلال عرف زید بلوچ کے طور پر کی گئی ہے، جو مبینہ طور پر کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان (TTP) سے وابستہ نیٹ ورک کے لیے الیکٹرانکس اور ڈرون سے متعلق آلات کی فراہمی میں کردار ادا کر رہا تھا۔ حکام کے مطابق اس کا نام CTD سندھ کی ریڈ بک میں بھی شامل ہے، جبکہ اس کے افغانستان میں موجود روابط کی بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم مبینہ طور پر ڈرون موٹرز، فریم، پروپیلرز، بیٹریاں، کنٹرولر بورڈز، وائرنگ اور دیگر الیکٹرانکس اشیاء مختلف ذرائع سے حاصل کرتا تھا۔ یہ سامان کراچی کے مختلف بازاروں بشمول صدر، بولٹن مارکیٹ اور رنچھوڑ لائن سے خریدے جانے کے علاوہ آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی منگوایا جاتا تھا۔
پولیس کے مطابق ان آلات کو مبینہ طور پر آئی ای ڈیز، خودکش جیکٹس اور ڈرون حملوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔ ابتدائی شواہد اور اعترافی بیان کے مطابق یہ نیٹ ورک دہشت گرد سرگرمیوں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے سامان فراہم کرتا رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 2 کلو بارودی مواد، ایک ڈرون بمعہ بیٹری اور ریموٹ کنٹرول بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی اور وفاقی حساس اداروں نے مزید تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں، جبکہ گرفتار ملزم کے انکشافات کی روشنی میں مزید کارروائیاں جاری ہیں۔


