پاکستان کا تجارتی خسارہ 11 ماہ میں بڑھ کر 34 ارب 76 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا
اسلام آباد(بولونیوز) ہیلپ لائن 786 نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کا تجارتی خسارہ رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں بڑھ کر 34 ارب 76 کروڑ ڈالرز تک پہنچ گیا ہے۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2025 سے مئی 2026 کے دوران تجارتی خسارے میں 17.48 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم مئی کے مہینے میں تجارتی خسارے میں ماہانہ بنیاد پر 39.43 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 13.68 فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ مئی 2026 میں پاکستان کا تجارتی خسارہ 2 ارب 58 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں پاکستان کی برآمدات میں مجموعی طور پر 5.61 فیصد کمی ہوئی اور جولائی 2025 تا مئی 2026 کے دوران برآمدات کا حجم 27 ارب 90 کروڑ ڈالرز رہا۔ تاہم مئی میں برآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 9.59 فیصد اور سالانہ بنیاد پر 1.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مئی میں برآمدات کا حجم 2 ارب 70 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز تک پہنچ گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق اسی مدت میں درآمدات میں 5.94 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی 2025 تا مئی 2026 کے دوران درآمدات کا مجموعی حجم 62 ارب 66 کروڑ ڈالرز رہا۔ مئی 2026 میں درآمدات میں ماہانہ بنیاد پر 21.45 فیصد جبکہ سالانہ بنیاد پر 6.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ مئی میں پاکستان کی درآمدات کا حجم 5 ارب 29 کروڑ ڈالرز رہا۔
ماہرین کے مطابق تجارتی خسارے میں مجموعی اضافے کی بڑی وجہ درآمدات میں مسلسل اضافہ اور برآمدات میں مجموعی کمی ہے، تاہم مئی کے مہینے میں برآمدات میں بہتری اور خسارے میں کمی کو مثبت اشارہ قرار دیا جا رہا ہے۔


