وفاقی وزیر حنیف عباسی پر الزامات کا معاملہ، الزام لگانے والے شہری کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد(بولونیوز) وفاقی وزیر حنیف عباسی پر الزامات لگانے کے معاملے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ الزام عائد کرنے والے شہری کے خلاف سینیٹ کے سیکیورٹی سارجنٹ کی مدعیت میں تھانہ سیکرٹریٹ میں دو سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق ملزم نے حساس مقام پر بغیر اجازت داخل ہو کر ایک ممبر اسمبلی کے خلاف توہین آمیز ویڈیو ریکارڈ کی، جو سیکیورٹی قواعد کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ سینیٹ سیکیورٹی سارجنٹ کی مدعیت میں درج مقدمے کے بعد ملزم کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزم کی گاڑی کچھ دیر تک پارلیمنٹ کی عمارت میں بھی موجود رہی، جس پر سیکیورٹی اداروں نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے میں ملوث ملزم کو جلد قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے، جبکہ پارلیمنٹ کی سیکیورٹی سے متعلق تمام شواہد بھی اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *